Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Awwal 1446  

عظیم کھلاڑیوں کی قیمتی اشیاء کی نیلامی، ساڑھے 3 کروڑ اکٹھا کرنا ہدف

شائع 14 مئ 2020 01:24pm

لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ کیلئے 1999 ورلڈ کپ کی شرٹ عطیہ کردی۔ ٹینس اسٹار اعصام الحق کہتے ہیں دنیائے ٹینس اور کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں کی قیمتی اشیاء کی نیلامی سے ساڑھے تین کروڑ روپے اکٹھا کرنا ان کا ہدف ہے۔

 لاہور پریس کلب میں سابق کرکٹر مشتاق احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹینس کھلاڑی اعصام الحق کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل اسٹارز رافیل نڈال، راجر فیڈرر، نواک جوکووچ اور ثانیہ مرزا نے پاکستانی عوام کی امداد کیلئے اپنی شرٹس، شوز اور ریکٹ عطیہ کیے ہیں۔

اس کے علاوہ شعیب اختر، وسیم اکرم، جہانگیر خان، شعیب ملک، شہباز احمد سینئر، سابق کپتان سرفراز احمد اور باکسرعامر خان نے بھی اپنی قیمتی چیزیں عطیہ کی ہیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے کہا کہ جو انسانیت کی خدمت کرکے دل مطمئن ہوتا ہے وہ ورلڈکپ جیت کر بھی نہیں ہوتا، ہمیشہ انسان ٹیم ورک سے ہی جیت سکتا ہے۔

ٹینس کھلاڑی اعصام الحق کی کورونا وائرس فنڈز ریزنگ کیلئے چیزوں کی نیلامی کا عمل 23 مئی تک جاری رہے گا۔